فیروز خان/دیوبند
شہر دیوبند کے سانپلہ روڑ محلہ فولاد پورہ میں واقع اطیب المدارس میں مدرسے کی مسجد کا سنگ بنیاد دارالعلوم دیوبند کے کارگزار مہتمم و جمعیتہ علماءہند کے قومی صدر مولانا قاری سید عثمان منصور پوری کے بدست عمل میں آیا ،اس موقع پر مولانا قاری سید عثمان منصور پوری نے مسجد تعمیر کرنے کی فضیلت کا تفصیلی ذکرکرتے ہوئے کہا کہ مسجد بنانا مومن کی نشانی ہے اور اسے آباد کرنا ایک کامل مومن کی ذمہ داری ہے۔ مولانا نے کہا کہ مسجد ایک عظیم صدقہ جاریہ ہے جس کا ثواب اس کے سبھی مخیرین اور معاونین کو قیامت تک ملتا رہے گا۔
مولانا قاری سید عثمان منصور پوری نے ہر محلے اور کالونی میں مساجد کی آباد کاری اور اہل ایمان کی مسجد سے وابستگی کو یقینی بنانے پر زور دیا ۔انہوں نے امت مسلمہ سے نماز پنج گانہ کے قائم کرنے اور ارکان اسلام کی ادائیگی کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مساجد نے ملت کو جوڑنے کا ایک مربوط کام کیا ہے اور اس خیر امت کے روز اول سے ہی تمام کام مساجد سے وابستہ رہے ہیں ایک وقت تھا کہ فیصلے وغیرہ بھی مسجد میں ہوتے تھے ۔
ا نہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے پیغمبر اور پیشوا حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے مساجد کی تعمیر اور ترقی میں خوب بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہوئے آپسی ہم آہنگی کو فروغ دینا چاہئے۔ مولانا نے کہا کہ ہماری مسجدیں ہر وقت کھلی رہتی ہیں تاکہ سارے انسان اِن کے قریب آکر سبق حاصل کریں اور نفرت کو ختم کرکے آپسی بھائی چارے کو عام کریں اور بھید بھاو کو ختم کریں۔
ادارہ کے مہتمم مولانا عبدالشکور قاسمی نے اجلاس سنگِ بنیاد کو خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مسجدیں اللہ کا گھر ہیں اِن کا احترام ہم سب مسلمانوں کے لئے اور عا م انسانوں کے لئے ضروری ہے چونکہ مسجدیں صرف اور صرف اپنے سچے مالک کو خوش کرنے کے لئے تعمیر کی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسجدیں ہماری اتحاد کی علامت ہوتی ہیں جس میں پانچ وقت نماز کے ساتھ لوگوں سے ایک رابطہ قائم کرنے کا بھی ذریعہ بنتا ہے۔ نماز ہمارے گناہوں کو مٹاتی ہے اور ہمیں نیک راہ دکھاتی ہے ۔
مولانا عبدالشکور قاسمی نے کہا کہ مساجد کی تعمیر میں حصہ لینا اور مال خرچ کرنا صدقہ جاریہ ہے اس کا ثواب متعلقہ شخص کو قیامت تک ملتا رہے گا نیز آخرت میں اجر عظیم سے مالا مال ہوگا۔ بعد ازاںر مولانا قاری سید عثمان منصور پوری نے ملک کی فلاح و بہبود اور قیام امن و وبائی مرض کورونا سے نجات کیلئے رقت آمیز دعا کرائی ۔ اس دوران مولانا اخلاق ،مولانا محمد مدثر ،مولانا سعید قاسمی ،مولانا اسامہ ،ماسٹر معضم،محمد راشد،ممتاز احمد،غیور احمد،محمد کلو اورماسٹرمعتصم سمیت علاقہ کے لوگ بڑی تعداد میں موجود تھے ۔